07:02
0

راولپنڈی میں میٹرو بس سروس کے منصوبے کا جلد سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا: شہباز شریف
راولپنڈی میں تعمیر کیا جانے والا میٹرو بس پراجیکٹ بھی فن تعمیر اور شفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہوگا
منصوبے کی تکمیل سے لاکھوں مسافروں کو جدید سفری سہولتیں میسر آئیں گی، وزیراعلیٰ کا اعلیٰ سطح کے اجلاس سے خطاب، مجوزہ منصوبے کے بارے میں تفصیلی بریفنگ

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت نے صوبائی دارالحکومت میں میٹروبس سسٹم کے ذریعے شہریوں کو ٹرانسپورٹ کے نئے کلچر سے روشناس کرایا ہے۔ میٹرو بس پراجیکٹ کو عوام میں زبردست پذیرائی ملی ہے اور اسے عالمی سطح پر بھی سراہا گیا ہے۔ میٹروبسوں کے ذریعے روزانہ ایک لاکھ60ہزار سے زائد مسافر سفر کر رہے ہیں اور میٹرو بس منصوبے کی بڑھتی ہوئی مقبولیت کے پیش نظر اس کا دائرہ کار مزید وسیع کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وسائل قوم کی امانت ہیں اور انہیں عوام کی فلاح کیلئے ہی خرچ کیا جا رہا ہے ، میٹروبس سسٹم قوم کے وسائل عوام کی فلاح پر خرچ کرنے کی عمدہ مثال ہے۔ راولپنڈی میں میٹرو بس کے منصوبے کاجلد سنگ بنیادرکھا جائے گا اور یہ منصوبہ بھی فن تعمیر اور شفافیت کے لحاظ سے اپنی مثال آپ ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ جس طرح لاہور میں میٹرو بس کا منصوبہ ریکارڈ مدت میں مکمل کیا گیا اسی طرح راولپنڈی میں بھی میٹرو بس کے منصوبے پر دن رات کام کرکے اسے تیزی سے پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ راولپنڈی،اسلام آباد میٹروبس سروس کے منصوبے سے روزانہ ڈیڑھ لاکھ سے زائد لوگ مستفید ہوں گے۔ راولپنڈی، اسلام آباد میٹروبس سروس کا ٹریک 20.5کلو میٹر پر محیط ہوگا۔ ٹریک پر 8.5کلو میٹر طویل پل تعمیر کیا جائے گاجبکہ اس پر 24بس سٹیشن بنائے جائیں گے۔